اسٹیٹ بینک نے بینکوں کے اوقاتِ کار کے حوالے سے اہم اعلان کر دیا

اسٹیٹ بینک نے بینکوں کے اوقاتِ کار کے حوالے سے اہم اعلان کر دیا

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سرکاری ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی وصولی کے عمل کو مؤثر اور بروقت بنانے کیلئے ملک بھر کے بینکوں کے اوقاتِ کار میں توسیع کر دی ہے۔

مرکزی بینک کے مطابق یہ فیصلہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی درخواست پر ٹیکس دہندگان کی سہولت کیلئے کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام کمرشل بینکوں کی شاخیں 29 مئی کو شام 5 بجے 30 منٹ تک کھلی رہیں گی تاکہ سرکاری محصولات کی وصولی کے عمل کو مکمل کیا جا سکے۔ اسی طرح ہفتہ کے روز کھلنے والی بینک شاخیں 30 مئی کو صبح 9 بجے سے شام 5 بجے 30 منٹ تک اپنی خدمات فراہم کریں گی۔

  یہ بھی پڑھیں :آئی ایم ایف سے 1.3 ارب ڈالر کی قسط موصول، اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں بڑا اضافہ

مرکزی بینک نے بینکنگ سیکٹر کو ہدایت کی ہے کہ وہ خصوصی کلیئرنگ کے عمل کی تکمیل تک اپنی شاخیں کھلی رکھیں تاکہ کسی بھی قسم کی مالی رکاوٹ یا تاخیر سے بچا جا سکے۔

اعلامیے کے مطابق اس دوران انٹرنیٹ بینکنگ، موبائل بینکنگ ایپس، اے ٹی ایم مشینیں اور دیگر ڈیجیٹل مالیاتی پلیٹ فارمز بھی بلا تعطل فعال رہیں گے تاکہ صارفین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔

اسٹیٹ بینک نے واضح کیا ہے کہ یہ فیصلہ ٹیکس نظام کو سہل بنانے اور مالی لین دین کو بروقت مکمل کرنے کیلئے کیا گیا ہے تاکہ مالی سال کے اہم اہداف کو حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔

 یہ بھی پڑھیں :عید الاضحیٰ، اسٹیٹ بینک کا اے ٹیم ایم ٹرانزیکشن کے حوالے سے بڑا اعلان

اقدام سے نہ صرف سرکاری رقوم کی وصولی میں بہتری آئے گی بلکہ کاروباری طبقے اور عام صارفین کو بھی ٹیکس ادائیگی کے عمل میں آسانی میسر آئے گی۔

editor

Related Articles