اٹلی کی یونیورسٹیز یورپ میں اعلیٰ درجے کی تعلیم کے لیے جانی جاتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے طلبا اٹلی کی یونیورسٹیز میں تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
اٹلی میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند طلبا کو اسٹوڈنٹ ویزا کے لیے اپنے ملک میں مقیم اطالوی قونصل خانے میں درخواست دینی ہوتی ہے، جس کے لیے چند ضروری شرائط پر عمل کرنا ضروری ہے۔
درخواست دہندہ کو داخلہ ویزا درخواست فارم کے ساتھ حالیہ پاسپورٹ سائز تصویر فراہم کرنا ہوگی اور پاسپورٹ، ویزا لگنے کے بعد کم از کم تین ماہ تک کارآمد ہونا چاہیے۔
اس کے علاوہ یونیورسٹی کے کورس میں اندراج یا پری انرولمنٹ کی تصدیق، اٹلی میں رہائش کا ثبوت، اٹلی میں قیام کے لیے فنڈز کا ثبوت، میڈیکل انشورنس اور وطن واپسی کے لیے مالی ذرائع کی دستیابی کا ثبوت بھی ضروری ہیں۔
درخواست دہندہ کو اطالوی یا انگریزی زبان بھی آنی چاہئے۔ اٹلی میں قیام کے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے بینک اسٹیٹمنٹ بھی ضروری ہے، جس سے یہ ثابت کیا جا سکے کہ طالب علم اٹلی میں اپنے اخراجات برداشت کر سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق درخواست دہندہ کو تعلیمی سال کے لیے کم از کم 467.65 یورو ماہانہ اور مجموعی طور پر 6079.45 یورو سالانہ درکار ہوں گے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر کسی طالب علم نے دو سالہ کورس منتخب کیا ہے تو اسے اپنے بینک اکاؤنٹ میں 12158 یورو رکھنے ہوں گے۔
واضح رہے کہ 17 جنوری تک ایک یورو کی قیمت پاکستانی روپے میں 287 روپے 75 پیسے کے برابر تھی، جس کے تحت پاکستانی طلبا کو اٹلی میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے خاطر خواہ مالی وسائل کی ضرورت ہو گی۔