قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اسپنر ساجد خان نے کہا ہے کہ میری خواہش ہے کہ تمام فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کروں اور پی ایس ایل بھی کھیلوں مگر مجھے موقع نہیں دیا جارہا۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کی شاندار فتح میںاہم کردار ادا کرنیوالے اسپنر ساجد خان نے کہاکہ میرانام ٹی 10میں بھی آیا تھا تاہم اس وقت دبئی میں ایک سیریز آگئی تھی۔
ساجد خان نے کہا کہ ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ قومی ٹیم کی جانب سے تمام فارمیٹس اور دنیا بھر کی لیگز کھیلنے تاہم مجھے ابھی تک موقع نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ اگر موقع ملا تو ضرور کھیلوں گا۔ پی ایس ایل میں بھی کوئی پروفیشنل آف اسپنر نظر نہیں آیا کیونکہ کوئی ٹیم اسپنر کو نہیں لے رہی ۔ یہی وجہ ہے کہ اسپنرز کا ٹیلنٹ سامنے نہیںآرہا۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ہو، ٹی ٹونٹی یا وائٹ بال فارمیٹ ہو، پاکستان میں یہی ہوتا ہے کہ ایک ایسے بیٹر کو سلیکٹ کیا جاتا ہے جو پارٹ ٹائم آف اسپن بولنگ کرتا ہے۔ اگر آپ اسپنرز کو سلیکٹ نہیں کریں گےیا انہیں ٹیم کے ہمراہ نہیں رکھیں گے تو پاکستان میں اسپنرز کا ٹیلنٹ سامنے نہیں آسکے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواہش ہوتی ہے کہ ملک کیلئے اچھا کھیلیں ، سلیکٹ کرنا یا نہ کرنا سلیکٹرز کا کام ہے۔ جب بھی موقع ملتاہے ٹیم کیلئے اپنی بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش کرتا ہوں۔