ایف آئی اے بلوچستان زون نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد مقدمات میں اہم کامیابیاں حاصل کر لی ہیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان زون کوئٹہ محمد بہرام خان کی خصوصی ہدایات پر چمن میں کارروائیاں کی گئیں جن کے دوران غیر قانونی مالی لین دین میں ملوث افراد کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ 1947 ترمیمی 2020 کی دفعات 8 اور 23 جبکہ فارنرز ایکٹ 1946 کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔
کارروائیوں کے دوران گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات کی تفتیش انسپکٹر محمد ادریس خان نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ندیم غفار کی نگرانی میں مکمل کی جس کے بعد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چمن کی عدالت نے چھ مختلف مقدمات میں فیصلے سنائے۔
عدالتی فیصلوں میں حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث متعدد ملزمان کو سزائیں سنائی گئیں جبکہ بعض غیر ملکی باشندوں کو افغانستان واپس ڈی پورٹ کر دیا گیا۔ ایک مقدمے میں 18 لاکھ روپے کی رقم سرکاری خزانے میں ضبط بھی کی گئی۔
ذرائع کے مطابق مختلف مقدمات میں جرمانے بھی عائد کیے گئے جبکہ کئی ملزمان وہ قید کی سزا پہلے ہی مکمل کر چکے تھے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق یہ کارروائیاں قومی معیشت کو نقصان پہنچانے والے غیر قانونی مالی نیٹ ورکس کے خلاف جاری سخت حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ ادارے نے واضح کیا ہے کہ حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔