وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عیدالاضحیٰ کے موقع پرعوامی ٹرانسپورٹ میں اوورچارجنگ، اوورلوڈنگ اور ان فٹ گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو تمام بسوں اور بس سٹینڈز کی چیکنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نواز شریف نے حکم دیا کہ ہر بس اور بس سٹینڈ پر کرایہ نامہ واضح طور پر آویزاں کیا جائے تاکہ مسافروں سے زائد کرایہ وصول نہ کیا جا سکے ، اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اوورچارجنگ میں ملوث بسوں کے روٹ پرمٹ اور بس سٹینڈز کے اجازت نامے منسوخ کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والی ٹرانسپورٹ بند کرنے اور مسافروں کی اوورلوڈنگ پر مکمل پابندی یقینی بنانے کا حکم دیا جبکہ بس سٹینڈز پر مسافروں کیلئے ٹھنڈے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے مسافروں کی شکایات کے ازالے کیلئے 1071 ہیلپ لائن قائم کر دی ہے، جہاں شہری اوورچارجنگ سے متعلق شکایات درج کرا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ عیدالاضحی ٰپر پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ سے متعلق محکمہ داخلہ پنجاب نے احکامات جاری کر دیے ہیں ۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق دفعہ 144 کے تحت پابندیوں کا اطلاق بدھ 27 مئی سے منگل 02 جون تک ہوگا ، جس کے تحت عوامی مقامات پر قربانی کے جانوروں کے سری پائے جلانے پر پابندی ہوگی جبکہ دریاؤں، جھیلوں، نہروں اور ڈیمز میں تیراکی اور نہانے پر دفعہ 144 نافذ ہوگی۔
ان پابندیوں کا فیصلہ انسانی جانوں کے تحفظ، امن و سکون اور ماحول کی بہتری کیلئے کیا گیا ہے ، مذکورہ سرگرمیاں نہ صرف عوامی تحفظ اور صحت عامہ کیلئے خطرہ ہیں بلکہ لوگوں میں اضطراب کا باعث بنتی ہیں۔