خیبرپختونخوا اسمبلی نے نگراں حکومت میں بھرتی سرکاری ملازمین کو فارغ کرنے کا بل منظور کر لیا۔
منظور کئے گئے اس بل کا اطلاق 22 جنوری 2023 سے 29 فروری 2024 کے درمیان بھرتی کئے گئے ملازمین پر ہو گا، تاہم اس بل کا اطلاق سن اور اقلیتی کوٹہ کےساتھ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ہونی والی بھرتیوں پر نہیں ہو گا۔
بل کے مطابق ملازمین کو نکالنے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کی سربراہی میں سات رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
اس بل میں کہا گیا کہ تمام ادارے نگران دور کی بھرتیوں کے حوالے سے 30 دن میں اپنی رپورٹ مرتب کریں گے۔ صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے کہا کہ نگراں دور میں دس ہزار سے زائد بھرتیاں کی گئیں جبکہ نگراں حکومت صرف روزمرہ کے معاملات ہی چلا سکتی تھی۔