بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں بریت کی درخواست انسداد دہشتگردی عدالت نے مسترد کر دی۔
سوموارکے روز اڈیالہ جیل راولپنڈی میں انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے عمران خان کی جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں بریت کی درخواست پر سماعت کی۔ عمران خان کی جانب سے 265 کے تحت بریت کی درخواست دائر کی گئی تھی، جسے عدالت نے مسترد کردیا۔
دوران سماعت پراسیکیوٹر نے بریت کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ مقدمے کا ٹرائل جاری ہے اور 12 گواہوں کی شہادت ریکارڈ ہو چکی ہے۔ پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ استغاثہ کے پاس ملزم کے خلاف کافی شواہد موجود ہیں اور اس مرحلے پر بریت کی درخواست مناسب نہیں۔
پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل میں مزید بتایا کہ مقدمے میں شریک ملزم، سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کی درخواست بریت بھی انسداد دہشتگردی عدالت نے مسترد کی تھی، جس کے بعد ہائیکورٹ نے بھی ٹرائل کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔
پراسیکیوٹر نے عدالت سے درخواست کی کہ پراسیکیوشن کو مزید شہادت ریکارڈ کرنے کا موقع دیا جائے۔ عدالت نےعمران خان کی بریت کی درخواست مسترد کردی اور مقدمے کی مزید سماعت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔