پاکستان میں شعبان المعظم 1446 ھجری کا چاند نظر آگیا۔
شعبان المعظم کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت چئیرمین رویت ہلال کمیٹی مولاناعبدالخبیر آزاد نے کی۔ اجلاس میں زونل کمیٹی کے ممبران اور متعلقہ محکموں کے حکام شریف ہوئے۔
رویت ہلال کمیٹی کے مطابق ملک کے اکثر و بیشتر مقامات پر مطلع صاف کچھ جگہوں پر مطلع آبر آلود رہا۔ تھر سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ چئیرمین رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا کہ کل بروز جمعہ 31 جنوری کو یکم شعبان المعظم جبکہ 13 فروری بروز جمعرات کو شب برأت ہوگی۔
دوسری جانب ماہرین فلکیات کے مطابق اس سال رمضان المبارک کا آغاز مارچ میں ہوگا۔ مختلف ممالک میں رمضان کے آغاز کی تاریخ مختلف ہوگی۔ کچھ ممالک میں یکم مارچ بروز ہفتہ کو جبکہ دیگر میں 2 مارچ بروز اتوار کو رمضان شروع ہوگا۔ سعودی عرب، خلیجی ممالک اور کئی مغربی و یورپی ممالک میں یکم مارچ کو رمضان کا آغاز ہونے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ عید الفطر کی متوقع تاریخ 30 مارچ بروز اتوار یا 31 مارچ بروز پیر ہو سکتی ہے۔ پاکستان میں عید الفطر کے چاند کی رویت کا حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا اور ماہرین فلکیات کے مطابق پاکستان میں عید الفطر 30 یا 31 مارچ کو منائی جا سکتی ہے۔