فلاڈیلفیا: امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر فلاڈیلفیا میں ایک چھوٹا میڈیکل جیٹ طیارہ رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ کئی مکانات اور گاڑیاں متاثر ہوئیں۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن ایف اےاے کے مطابق لیئر جیٹ 55 نامی یہ میڈیکل طیارہ شمال مشرقی فلاڈیلفیا ایئرپورٹ سے میزوری میں واقع اسپرنگ فیلڈ-برانسن نیشنل ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوا تھا، تاہم ٹیک آف کے چند لمحوں بعد ہی حادثے کا شکار ہو گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق شام 6:07 بجے طیارہ روزویلٹ مال کے قریب ایک رہائشی علاقے میں گرا، جس کے فوراً بعد زبردست دھماکا ہوا اور کئی مکانات میں آگ لگ گئی۔ فلاڈیلفیا پولیس نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پہلی ایمرجنسی کال 6:12 بجے موصول ہوئی، جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
ایئر ایمبولینس کمپنی جیٹ ریسکیو کے مطابق طیارے میںچار عملے کے ارکان، ایک مریض بچے اور اس کے ہمراہ ایک شخص سمیت چھ افراد سوار تھے، جو حادثے میں ہلاک ہو گئے۔ فلاڈیلفیا کی میئر شیریل پارکر نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ حادثے کے بعد کئی گھروں کو نقصان پہنچا اور متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
حکام نے طیارہ حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (NTSB) اور FAA کی ٹیمیں جائے حادثہ پر موجود ہیں۔ فی الحال حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں۔
واضح رہے کہ جمعرات کو بھی واشنگٹن میں ایک مسافر جہاز اور ہیلی کاپٹر کے درمیان تصادم کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں 67 افراد ہلاک ہوئے تھے۔