پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر کے واٹس ایپ صارفین کے لیے اہم انتباہ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ غیر فعال، بلاک، ڈی ایکٹیویٹ یا غیر رجسٹرڈ سم سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس جلد ناقابل رسائی ہو سکتے ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق ایسے صارفین جن کا واٹس ایپ اکاؤنٹ کسی ایسی سم پر چل رہا ہے جو اب فعال نہیں بلاک ہو چکی ہے یا رجسٹرڈ نہیں انہیں اپنے اکاؤنٹ تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اتھارٹی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس بات کی تصدیق کریں کہ ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ایک فعال اوراپنے نام پر رجسٹرڈ موبائل نمبر سے منسلک ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ یا غیر فعال سم کے استعمال کی صورت میں واٹس ایپ اکاؤنٹ اچانک لاگ آؤٹ ہو سکتا ہے جس کے بعد اکاؤنٹ تک دوبارہ رسائی حاصل کرنا مشکل ہو سکتا ہے خصوصاً اگر متعلقہ موبائل نمبر دستیاب نہ ہو۔
اتھارٹی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ اگر ان کی سم کسی وجہ سے بند بلاک یا تبدیل ہو چکی ہے تو وہ فوری طور پر اپنا واٹس ایپ نمبر اپ ڈیٹ کریں یا متعلقہ موبائل آپریٹر سے رابطہ کرکے سم کو دوبارہ فعال کروائیں تاکہ مستقبل میں کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔
پی ٹی اے نے مزید کہا کہ واٹس ایپ سمیت دیگر ڈیجیٹل سروسز کے محفوظ استعمال کے لیے موبائل نمبر کا فعال اور قانونی طور پر رجسٹرڈ ہونا انتہائی ضروری ہے۔
صارفین کو چاہیے کہ وہ بروقت ضروری اقدامات کریں تاکہ ان کے واٹس ایپ اکاؤنٹ، چیٹس اور دیگر اہم معلومات محفوظ رہیں اور اچانک اکاؤنٹ تک رسائی ختم ہونے کی صورتحال سے بچا جا سکے۔