مرچوں کا اسپرے کر کے پولیس کو چکمہ ،کہوٹہ میں قیدی وین سے 14 قیدی فرار، 4 دوبارہ گرفتار

مرچوں کا اسپرے کر کے پولیس کو چکمہ ،کہوٹہ میں قیدی وین سے 14 قیدی فرار، 4 دوبارہ گرفتار

راولپنڈی کے علاقے کہوٹہ میں عدالت سے جیل منتقل کیے جانے والے قیدیوں کی وین سے 14 قیدی فرار ہو گئے، جس کے بعد پولیس نے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا حکام کے مطابق فرار ہونے والے چار قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق قیدیوں کو عدالت میں پیشی کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کیا جا رہا تھا راستے میں معمول کی چیکنگ کے دوران قیدی وین کو روکا گیا تو ایک قیدی نے اچانک پولیس اہلکاروں کی آنکھوں میں مرچوں کا اسپرے کر دیا، جس سے پیدا ہونے والی افراتفری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 14 قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں :کراچی کی ملیر جیل سے قیدیوں کا فرار ، جیل سپرنٹنڈنٹ نے اصل صورتحال بتا دی

واقعے کے فوری بعد کہوٹہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا، جبکہ تمام داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر دی گئی پولیس کی اضافی نفری بھی طلب کر لی گئی تاکہ فرار ہونے والے قیدیوں کی جلد گرفتاری یقینی بنائی جا سکے۔

راولپنڈی پولیس کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فرار ہونے والے قیدیوں میں سے چار کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ باقی مفرور قیدیوں کی تلاش کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن بدستور جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے تمام قیدیوں کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور جلد مزید پیش رفت متوقع ہے۔

editor

Related Articles