الیکشن کمیشن نے بلدیاتی الیکشن نہ کرانے پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے چیف سیکریٹری پنجاب اور سیکریٹری بلدیات کو طلب کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف سیکریٹری پنجاب اور سیکریٹری بلدیاتی حکومت کو نوٹس جاری کیا گیا ہے،نوٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے کئی بار میٹنگز کرنے، خطوط لکھنے اور یاددہانی کے باوجود الیکشن کمیشن کے علم میں ایسا کوئی اقدام نہیں آیا کہ پنجاب حکومت نے اس ضمن میں کوئی اقدام اٹھایا ہوا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اسی لیے اس کیس کو الیکشن کمیشن میں سماعت کے لیے مورخہ 26 فروری 2025ء کو مقرر کردیا گیا ہے، چیف سیکریٹری پنجاب اور سیکریٹری بلدیات پنجاب ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔
پنجاب میں بلدیاتی قانون 4 بار تبدیل ہوا، الیکشن کمیشن نے 3 بار حلقہ بندیاں کرائیں، حکومتی درخواست پر پنجاب لوکل گورنمنٹ قانون مکمل کرنے کیلئے 4 ہفتے کا وقت دیا گیا۔ الیکشن کمیشن کو یونین کونسل کی حلقہ بندیاں بھی روکنا پڑیں، پنجاب حکومت کو کہا تھا ایک ماہ میں قانون سازی مکمل کرے مزید توسیع نہیں دی جائیگی۔
پنجاب حکومت نے پنجاب بلدیاتی حکومت قانون الیکشن کمیشن سے 26 دسمبر کو شیئرکیا، الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کو 23 جنوری کو اپنا فیڈبیک بھجوا دیا تھا، ابھی تک پنجاب حکومت نے بلدیاتی حکومت قانون سازی کیلئے اقدامات نہیں کیے۔ پنجاب حکومت نےالیکشن کرانے کےلیے بھی کوئی اقدامات نہیں کیے، الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کا معاملہ سماعت کےلیے مقرر کردیا۔