خیبرپختونخوا میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کا طریقہ کار واضح ہوگیا ہے۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنا استعفیٰ گورنر خیبرپختونخوا کو بھجوا دیا ہے جس پر گورنر 48 گھنٹوں کے اندر دستخط کرکے استعفیٰ کی منظوری دیں گے۔
استعفیٰ منظور ہوتے ہی صوبائی کابینہ بھی تحلیل ہوجائے گی۔ اس کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوگا، جس میں نئے وزیراعلیٰ کی نامزدگی کی توثیق کی جائے گی۔
نامزد وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس طلب کریں گے، جہاں ووٹنگ کے ذریعے نامزد امیدوار کو اپنی اکثریت ثابت کرنا ہوگی۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے کل 145 ارکان ہیں، جن میں سے اکثریت کے لیے 73 ووٹ درکار ہوں گے۔ اس وقت اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کو 92 ارکان کی حمایت حاصل ہے، جبکہ اپوزیشن کے ارکان کی تعداد 53 ہے۔