پاکستان نے افغانستان سے سرحد پار دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ سے مدد مانگ لی

پاکستان نے افغانستان سے سرحد پار دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ سے مدد مانگ لی

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کے دوران پاکستان میں انسداد دہشتگردی کی کوششوں کے لیے اقوام متحدہ کی حمایت کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے یہ ملاقات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اعلیٰ سطح کے مباحثے سے خطاب کے ایک روز بعد ہوئی ہے۔

اقوام متحدہ کے اس مباحثے میں مختلف ممالک کے مندوبین نے دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کے لیے متحدہ اور غیر امتیازی نقطہ نظر اپنانے اور انتہا پسندی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ’دوہرے معیار‘کو ترک کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات کے دوران ’افغانستان سے سرحد پار دہشتگردی‘ کی نشاندہی کی اور ’افغانستان کے اندر اور باہر کی دہشتگردی’ کے خلاف اقوام متحدہ کی حمایت کا مطالبہ کیا۔

بیان کے مطابق اسحاق ڈار نے لاکھوں غریب افغانوں کو انسانی امداد فراہم کرنے اور افغانستان کے ذریعے وسطی ایشیا اور پاکستان کے درمیان رابطے کے منصوبوں پر عمل درآمد سمیت اپنی معاشی ترقی کو فروغ دینے کی پاکستان کی خواہش کا بھی اعادہ کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان مسلسل اس بات پر تشویش کا اظہار کرتا رہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) پاکستان میں حملے کرنے کے لیے افغان سرزمین استعمال کرتی ہے تاہم کابل ان الزامات کی تردید کرتا چلا آیا ہے۔

اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کی وجہ سے پاکستان میں ٹی پی پی کے حملوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اس سے قبل وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا تھا کہ دہشتگردی افغانستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے میں ایک اہم رکاوٹ ہے، انہوں نے کہاکہ ’دہشت گردی کابل کے ساتھ ہمارے تعلقات میں ایک بڑی رکاوٹ ہے‘۔

بیان کے مطابق انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے قیام امن کے مشن میں پاکستان کے کردار کو سراہا جبکہ اسحاق ڈار نے امن و سلامتی، ترقی اور موسمیاتی تبدیلی سمیت عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں اقوام متحدہ کے کردار کے لیے اپنی مضبوط حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے بین الاقوامی امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کو بھی اجاگر کیا۔ اسحاق ڈار نے جموں کشمیر تنازع کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت حل کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *