ایرانی صدرمسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی تمام شقیں ہمارے مفاد میں ہیں ،امید ہے ایران امریکا مذاکرات کے نتائج جلد سامنے آجائیں گے۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے ابتدائی معاہدے کے تحت قطر میں موجود ایران کے 6 ارب ڈالر کے منجمد فنڈز واپس کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جنہوں نے اپنی حالیہ تقریر میں ہمیں کئی کاموں سے روکنے کی بات کی تھی، اب انہی امور کو ایرانی قوم کے حقوق تسلیم کر چکے ہیں۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ قطر میں موجود ہمارے 6 ارب ڈالر ہمیں واپس مل جائیں گے۔
ایرانی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات سے سب سے زیادہ ناخوش وہی ہوں گے ۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق ایرانی اور امریکی وفود کے درمیان کچھ دیر بعد تکنیکی مذاکرات ہونگے ۔
مذاکرات قطر اورپاکستان کےنمائندوں کی موجودگی میں ہوگی، بطورثالث پاکستان اور قطر کےوفود سے الگ ملاقاتیں بھی ہوں گی، ملاقات میں ایرانی تیل پر پابندیوں میں نرمی اور منجمد اثاثوں پر بات ہوگی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ مذاکرات ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مفاہمتی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور خطے میں استحکام پیدا کرنے کے لیے مختلف معاملات پر پیش رفت کی امید کی جا رہی ہے۔