وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے اسلامی برادر ممالک کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
مراکش میں فلسطین کے وزیر ٹرانسپورٹ طارق حسینی زراب سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان فلسطین کی اخلاقی، سفارتی اور ہر قسم کی حمایت جاری رکھے گا۔
وفاقی وزیر نے فلسطینی وزیر سے پاکستانی عوام کی جانب سے خیر سگالی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فلسطینی وزیر ٹرانسپورٹ نے پاکستانی حکومت کی حمایت پر اظہار تشکر کیا۔
دریں اثنا مالدیپ، عمان اور بنگلہ دیش کے وزرا نے بھی وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے ملاقات کی۔
اومان کے نائب وزیر بریگیڈیئر جنرل علی الفلاحی اور بنگلہ دیش کے وزیر صنعت عادل رحمان خان اور ان کے وفد سے ملاقاتوں کے دوران وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے پاکستان کے مواصلات کے شعبے کی خصوصیات پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں وزرا نے پاکستان کے مواصلاتی شعبے میں دلچسپی کا اظہار کیا اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ مراکش میں منعقدہ عالمی وزارتی کانفرنس ذرائع نقل و حمل کی بہتری کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔