چیمپئنز ٹرافی2025: یووراج سنگھ نے پاکستان کو فیورٹ قرار دے دیا

چیمپئنز ٹرافی2025: یووراج سنگھ نے پاکستان کو فیورٹ قرار دے دیا

چیمپئنز ٹرافی 2025 ، گروپ اے کا پانچواں میچ آج 23 فروری 2025 کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس ہائی وولٹیج مقابلے سے قبل سابق بھارتی کرکٹر یووراج سنگھ نے حیران کن طور پر اپنی ٹیم کے بجائے پاکستان کو فیورٹ قرار دے دیا۔

سابق بھارتی  کرکٹر نے اپنے بیان میں کہا کہ آج کے میچ میں پاکستان کو بھارت پر برتری حاصل ہے کیونکہ گرین شرٹس نے متحدہ عرب امارات میں زیادہ کرکٹ کھیلی ہے اور وہ وہاں کی وکٹوں سے بخوبی واقف ہیں۔ یووراج سنگھ کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں پاکستان کو ایڈوانٹیج حاصل ہے۔ انہوں نے شاہد آفریدی کے اس مؤقف سے اتفاق کیا کہ بھارت کے پاس زیادہ میچ ونرز ہیں، تاہم ان کا ماننا ہے کہ پاکستان کے پاس میچ ونرز کی تعداد کم ہونے کے باوجود کوئی ایک کھلاڑی بھی بازی پلٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پاکستان اور بھارت کا بڑا ٹاکرا:

کرکٹ کے دو روایتی حریف پاکستان اور بھارت آج اتوار 23 فروری کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں 2 بجے مدمقابل ہوں گے، جہاں دنیا بھر کے شائقین اس ہائی وولٹیج مقابلے کے منتظر ہیں۔

بھارت نے چیمپئنز ٹرافی میں اپنی مہم کا شاندار آغاز کیا، جبکہ پاکستان کو پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارتی ٹیم کی جیت میں شبمن گل اور محمد شامی نے کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ پاکستان کے لیے فخر زمان کی انجری نے مشکلات میں اضافہ کر دیا۔

سابق کپتان بابر اعظم کی نیوزی لینڈ کے خلاف سست اننگز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ فخر زمان کی عدم موجودگی بیٹنگ لائن کے لیے مزید پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔ دوسری جانب، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ کی فاسٹ بولنگ ٹرائیکا بھی افتتاحی میچ میں بے اثر ثابت ہوئی۔

یہ مقابلہ دونوں ٹیموں کے لیے ایک نیا موقع ہوگا۔ بھارت کو سیمی فائنل میں جگہ یقینی بنانے کے لیے فتح درکار ہے، جبکہ پاکستان کے لیے یہ میچ جیتنا ناگزیر ہو چکا ہے۔

چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اور بھارت کے تاریخی مقابلے، پلڑا کس کا بھاری؟:

2004 (برمنگھم، انگلینڈ)

پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی کے اپنے پہلے مقابلے میں بھارت کو شکست دی۔ بھارتی ٹیم 200 رنز تک محدود رہی، جسے پاکستان نے محمد یوسف اور انضمام الحق کی شاندار بیٹنگ کے ذریعے عبور کر لیا۔

2009 (سینچورین، جنوبی افریقہ)

پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک نے 128 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور پاکستان نے بھارت کے خلاف 302 رنز کا مضبوط ہدف دیا۔ بھارت 54 رنز سے شکست کھا گیا، جبکہ محمد یوسف کے 87 رنز بھی پاکستان کی جیت میں اہم ثابت ہوئے۔

2013 (برمنگھم، انگلینڈ)

اس بار بھارت نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے میں مات دی۔ پاکستانی بیٹنگ مکمل طور پر ناکام رہی اور ٹیم 165 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بارش کے باعث بھارت کو 22 اوورز میں 102 رنز کا ہدف ملا، جو شیکھر دھون اور ویرات کوہلی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت باآسانی حاصل کر لیا گیا۔

2017 (گروپ اسٹیج، انگلینڈ)

اس مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو یکطرفہ شکست دی۔ روہت شرما (91) اور ویرات کوہلی (81) کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بھارت نے 319 رنز بنائے، جبکہ پاکستانی ٹیم 164 رنز پر آؤٹ ہو کر 124 رنز سے میچ ہار گئی۔

2017 (فائنل، اوول، انگلینڈ)

یہ چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ کا سب سے یادگار فائنل تھا، جہاں پاکستان نے بھارت کو تاریخی شکست دے کر پہلی بار ٹرافی اپنے نام کی۔ فخر زمان نے شاندار 114 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ محمد عامر کی تباہ کن بولنگ نے بھارتی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔ بھارت کی پوری ٹیم 158 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور پاکستان نے 180 رنز سے شاندار فتح حاصل کی۔

اتوار کے مقابلے میں تاریخ ایک بار پھر رقم ہونے کو تیار ہے۔ کیا پاکستان ماضی کی یادیں تازہ کر سکے گا، یا بھارت اپنی فتوحات کا تسلسل برقرار رکھے گا؟

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *