جنرل قمر جاوید باجوہ سے متعلق پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار سے منسوب جعلی خبر، آزاد فیکٹ چیک نے بھانڈا پھوڑ دیا

جنرل قمر جاوید باجوہ سے متعلق پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار سے منسوب جعلی خبر، آزاد فیکٹ چیک نے بھانڈا پھوڑ دیا

آزاد فیکٹ چیک نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر وائرل ہونے والی ایک جعلی خبر کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے، اس خبر کو ’سیاست ڈاٹ پی کے‘ سے منسوب کر کے پھیلایا جا رہا تھا۔

آزاد فیکٹ چیک کی ریسرچ کے مطابق یہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خاتون رہنما شاندانہ گلزار سے منسوب اس خبر میں جھوٹا دعویٰ کیا گیا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ طالبان کو دوبارہ پاکستان لانے کے ذمہ دار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد فیکٹ چیک ،پاک فوج سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی خبریں جعلی ہیں

سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل گرافکس میں لکھا گیا ہے کہ ’ جنرل باجوہ نے سوات سرکٹ ہاؤس میں ڈاکٹر امجد کے پاس اپنے لوگ بھیجے تھے اور کہا کہ عمران خان کو پاکستان اور کے پی سے ختم کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ طالبان کو دوبارہ سے صوبے میں واپس لے آؤ تین سال کے لیے، شاندانہ گلزار خان کا انکشاف‘۔

تاہم آزاد فیکٹ چیک کی تحقیق کے مطابق یہ خبر Siasat.pk نے دی نہ ہی اس کا اصل حقائق سے کوئی تعلق ہے۔

’آزاد فیکٹ‘ چیک کی تحقیق کے مطابق اصل بیان سابق وزیرِاعظم عمران خان کا ہے، جسے ایک ویڈیو کلپ میں سنا جا سکتا ہے، جس میں وہ خود اعتراف کر رہے ہیں کہ ان کی حکومت نے طالبان کو دوبارہ پاکستان لانے کی پالیسی اپنائی تھی۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے طالبان کی دوبارہ آباد کاری سے متعلق خود اعتراف کے بعد اس حقیقت سے بھی پردہ اُٹھ چکا ہے کہ ’طالبان کی پاکستان میں دوبارہ آباد کاری ‘ کسی اور کی نہیں بلکہ عمران خان حکومت کی اپنی پالیسی تھی۔

مزید پڑھیں:سوشل میڈیا پر جھوٹی افواہ پھیلانے پر پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

آزاد فیکٹ کی تحقیق کا مقصد جھوٹی معلومات کے پھیلاؤ کو روکنا اور ان جعلی خبروں کے ذریعے ملک میں عوام کو گمراہ کرنے کے پیچھے کار فرما دشمن قوتوں کو بے نقاب کرنا ہے۔

یہ جعلی گرافک اب بھی مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر موجود ہے، تاہم اسے رپورٹ کر کے ہٹانے کی کوششیں کی جانی چاہییں۔ آزاد فیکٹ چیک نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خاص طور پر حساس سیاسی معاملات میں معلومات کی تصدیق کیے بغیر انہیں شیئر نہ کریں۔

Related Articles