چیمپئنز ٹرافی میں 2025، بھارت نے پاکستان کو شکست دیدی

چیمپئنز ٹرافی میں 2025، بھارت نے پاکستان کو شکست دیدی

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ہائی وولٹیج ٹاکرے میں بھارت نے 43ویں اوور میں پاکستان کا 242 رنز کا ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے میچ جیت لیا۔ مایہ ناز بھارتی بیٹر ویرات کوہلی نے وننگ شاٹ پر چوکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلنے جانے والے پاک بھارت میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔ بھارت کی ٹیم پاکستان کے 242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میدان میں اتری تو اوپنرز شبھمن گل اور روہت شرما نے جارحانہ آغاز کیا۔ تاہم 31 کے مجموعی اسکور پر بھارت کی پہلی وکٹ گری۔ شاہین شاہ آفریدی نے روہت شرما کو بولڈ کیا جنہوں نے 15 گیندوں پر 20 رنز بنائے۔ بھارت کے دوسرے آئوٹ ہونیوالے کھلاڑی شبمن گل ہیں جنہوں نے 46 رنز بنائے اور انہیں ابرار احمد نے 100 کے مجموعی اسکور پر بولڈ کیا۔

اس کے بعد ویرات کوہلی اور شریاس ائیر نے 114 رنز کی شاندار پارٹنرشپ بنائی، 214 کے مجموعی اسکور پر بھارت کے تیسرے کھلاڑی شریاس ائیر کو خوشدل شاہ نے آئوٹ کیا، جنہوں نے 67 گیندوں پر 56 رنز بنائے تھے۔ انڈیا کی 223 اسکور پر گرنے والی چوتھی وکٹ ہاردیک پانڈیا کی تھی جنہوں نے صرف 8 رنز بنائے اور شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔ ویرات کوہلی نے وننگ شاٹ کھیلتے ہوئے چوکا لگایا اور سنچری مکمل کی۔ ویرات کوہلی 100 رنز بنا کر اور اکشر پٹیل 3 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔

چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے پانچویں میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم 49 عشاریہ 4 اوورز میں 241 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان ٹیم بیٹنگ پر آئی تو 41 کے مجموعی اسکور پر بابراعظم آئوٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے جبکہ 47 کے ٹوٹل سکور پر فخرزمان کی جگہ ٹیم میں شامل ہونیوالے اوپنر بلے باز امام الحق بھی آئوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد کپتان محمد رضوان اور سعود شکیل کی جانب سے سست رفتار مگر 104رنز کی مستحکم شراکت داری قائم ہوئی جس نے پاکستان کی لڑکھڑاتی بیٹنگ کو کسی حد تک سہارا دیا تاہم کپتان محمد رضوان جنہیں ایک بال قبل کیچ پر چانس مل چکا تھا اگلی ہی گیند پر 151کے مجموعی اسکور پر اکشرپٹیل کا شکار بن گئے۔

کپتان کی وکٹ گرنے کے بعد قومی ٹیم کی بیٹنگ لڑکھڑا گئی اور فوراََ بعد 159 کے مجموعی اسکور پر 62 رنز بنا کر سعود شکیل بھی ہاردیک پانڈیا کی گیند پر اکشر پٹیل کو کیچ دے بیٹھے۔ اس کے بعد آنیوالے طیب طاہر کو رویندرا جدیجہ نے اپنا شکار بنایا اور 165 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی پانچویں وکٹ بھی گر گئی۔ پاکستان کی چھٹی سلمان علی آغا کی 200 کے مجموعے پر گری جنہوں نے 19 رنز بنائے جبکہ اگلی ہی گیند پر شاہین شاہ آفریدی بھی پہلی گیند پر آئوٹ ہوگئے۔ پاکستان کی آٹھویں وکٹ 222 پر نسیم شاہ کی گری جنہوں نے 14 رنز بنائے اور کلدیپ یادیو کی گیند پر ویرات کوہلی نے ان کا کیچ پکڑا۔

پاکستان کی جانب سے نویں نمبر پر آئوٹ ہونیوالے کھلاڑی حارث رئوف تھے جنہوں نے 8 رنز بنائے جن میں ایک چھکا شامل تھا۔ پاکستان کی آخری وکٹ خوشدل شاہ کی گری جنہوں نے 38 رنز بناکر معقول ٹوٹل اسکور کھڑا کرنے میں اہم کردار ادا کیا، خوشدل شاہ کی اننگ میں 2 چھکے شامل تھے۔ واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے پوری اننگ میں صرف تین چھکے لگائے گئے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج ٹاکرے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد پہنچی۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 60 رنز سے شکست کے بعد پاکستان نے میچ میں ’ڈو آر ڈائی‘ کی صورتحال میں قدم رکھا ہے۔ ان کا ٹائٹل دفاع پہلے ہی خطرے میں ہے اور کپتان محمد رضوان کی ٹیم کو اپنی مہم کو زندہ رکھنے کے لئے ڈرامائی تبدیلی کی ضرورت ہوگی۔

اوپنر فخر زمان انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ بابراعظم کو گزشتہ میچ میں نصف سنچری اسکور کرنے کے باوجود تنقید کا سامنا ہے۔ بھارت کے مضبوط بیٹنگ یونٹ کا مقابلہ کرنے کے لیے، پاکستان ممکنہ طور پر تیز بولنگ پر انحصار زیادہ انحصار کرے گا۔

شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ پر مشتمل فاسٹ بولر ویرات کوہلی، روہت شرما، شبھمن گل اور کے ایل راہول پر مشتمل بھارتی لائن اپ کو روکنے کی کوشش میں اہم کردار ادا کریں گے۔

واضح رہے کہ بھارتی ٹیم نے حکومتی مشورے کا حوالہ دیتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا اور وہ اپنے تمام میچز دبئی میں کھیل رہا ہے۔ بھارت نے گروپ اے میں بنگلہ دیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر اپنی مہم کا آغاز کیا۔تیز گیند باز جسپریت بمراہ کی عدم موجودگی میں بھی بھارتی ٹیم غالب نظر آئی ہے اور محمد شامی نے 5 وکٹیں حاصل کرکے بولنگ اٹیک کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

قومی ٹیم میں بابر اعظم ، امام الحق، سعود شکیل، محمد رضوان (کپتان اور وکٹ کیپر)، سلمان آغا، ٹایان طاہر، خوشدل شاہ، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث راؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔

دوسری جانب بھارت کی ٹیم میں روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، ویرات کوہلی، شریاس آئر، اکسر پٹیل، کے ایل راہل (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا، رویندر جڈیجہ، ہارشیت رانا، کلدیپ یادیو اور محمد شامی شامل ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *