وسیم اکرم نے قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر چھ بڑے نام فارغ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ چاہے ٹیم چھ مہینے ہارے مگر نئے بے خوف لڑکوں کو ٹیم میں لے کر آئیں، پاک بھارت میچ کے بعد تجزیہ کرتے ہوئے وسیم اکرم تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم شکستوں کی عادی ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ہم ٹیم میں نئے نوجوان کرکٹرز لے کر آئیں جن کے اندر خوف نہ ہو، ان کا کہنا تھا کہ چاہے ہمیں پانچ چھ بڑے ناموں کو ٹیم سے نکالنا ہی کیوں نہ پڑے اور بے شک ہم چھ مہینے ہاریں مگر نئے لڑکوں کو ٹیم میں لاکر ان کو مکمل سپورٹ کریں۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ 2026ء ورلڈ کپ کے لئے ٹیم کی تیاری کا آغاز ابھی سے کر دینا چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ بس بہت ہوگیا، موجودہ کھلاڑیوں کو ہم نے بہت مواقع دے کر دیکھ لئے۔
سابق کپتان نے اپنے تجزیے میں ٹیم مینجمنٹ کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اب چیئرمین پی سی بی سلیکشن کمیٹی، کوچ اور پانچ لیجنڈز کو بلاکر پوچھیں کہ یہ سلیکشن کیا کی تھی تم لوگوں نے؟۔
انہوں نے کہا کہ ہم چیخیں مار رہے تھے کہ یہ اسکواڈ ٹھیک نہیں ہے، ہم بولتے رہے کہ ایک دن رہ گیا ہے اسکواڈ تبدیل کر لو لیکن انہوں نے ایک گھنٹے کی میٹنگ کی اور اسی اسکواڈ کے ساتھ باہر آ گئے۔