آئندہ ماہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل اور مٹی کے تیل میں معمولی کمی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
یکم مارچ سے پیٹرول کی قیمت میں 4 سے 4.50 روپے فی لیٹر اضافہ جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں معمولی کمی کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے حتمی ایڈجسٹمنٹ 28 فروری کو برینٹ کروڈ کی قیمتوں اور روپے کے مقابلے میں ڈالر کی شرح تبادلہ کی بنیاد پر کی جائے گی۔ اس وقت ایکس ڈپو پیٹرول کی قیمت 256.13 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 263.95 روپے فی لیٹر ہے۔
حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 260.13 روپے فی لیٹر متوقع ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر کمی ہو سکتی ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 262.95 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔ مٹی کے تیل کی موجودہ قیمت 171.65 روپے فی لیٹر ہے، تاہم مارکیٹ میں یہ 300 سے 350 روپے فی لیٹر کے درمیان فروخت ہو رہا ہے۔
حکومت جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کو صفر رکھنے کے باوجود پیٹرول اور ڈیزل پر تقریباً 76 روپے فی لیٹر ٹیکس وصول کر رہی ہے، جس میں پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی (پی ڈی ایل) 60 روپے فی لیٹر اور کسٹم ڈیوٹی 16 روپے فی لیٹر شامل ہیں۔ پرتعیش ایندھن صارفین کو اضافی ٹیکسوں کا سامنا ہے، جیسے لائٹ ڈیزل اور 95 رون پیٹرول پر 50 روپے فی لیٹر پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی عائد کی جاتی ہے۔