فیفا ورلڈ کپ : امریکا نے آسٹریلیا کو شکست دے کر تاریخ رقم کردی، نیا ریکارڈ قائم

فیفا ورلڈ کپ : امریکا نے آسٹریلیا کو شکست دے کر تاریخ رقم کردی، نیا ریکارڈ قائم

فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 میں امریکا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 0-2 سے شکست دے دی اور نہ صرف گروپ مرحلے میں اپنی پوزیشن مضبوط کرلی بلکہ ٹورنامنٹ کی 96 سالہ تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔

گروپ ڈی کے اہم میچ میں امریکی ٹیم نے سیٹل میں کھیلے گئے مقابلے کے آغاز سے ہی کھیل پر اپنی گرفت قائم رکھی۔ امریکا نے شاندار حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترتے ہوئے گیند پر زیادہ قبضہ برقرار رکھا اور آسٹریلیا کے دفاع کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔

میچ کے 11ویں منٹ میں امریکا کو پہلی کامیابی ملی جب آسٹریلیا کے دفاعی کھلاڑی کیمرون برجس گیند کو روکنے کی کوشش میں اسے اپنے ہی جال میں پہنچا بیٹھے جس کے نتیجے میں امریکا کو 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی۔

 یہ بھی پڑھیں :فیفا ورلڈ کپ 2026ء ، ایک دن میں سب سے زیادہ حاضری کا عالمی ریکارڈ قائم 

پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں امریکی کھلاڑی ایلکس فری مین نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اور گول داغ دیا اور اپنی ٹیم کی برتری کو 0-2 تک پہنچا دیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر امریکا مضبوط پوزیشن میں تھا۔

دوسرے ہاف میں آسٹریلیا نے واپسی کی کوشش کی اور کئی حملے کیے جبکہ امریکا نے بھی مزید گول کے مواقع پیدا کیے تاہم دونوں ٹیمیں اضافی گول کرنے میں ناکام رہیں۔ آخرکار مقابلہ امریکا کے حق میں 0-2 پر ختم ہوا۔

 یہ بھی پڑھیں :فیفاورلڈکپ میں کینیڈا کی شاندار کارکردگی ، تاریخ رقم کر دی

اس کامیابی کے ساتھ امریکا نے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مسلسل دو میچ جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ امریکی ٹیم نے گروپ ڈی میں 6 پوائنٹس حاصل کرکے نہ صرف پہلی پوزیشن سنبھال لی بلکہ اگلے مرحلے کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا۔

دوسری جانب آسٹریلیا کے لیے صورتحال مشکل ہوگئی ہے اور اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے اسے اپنے آئندہ میچ میں لازمی کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرنا ہوگی۔

امریکی ٹیم کی اس تاریخی فتح کو ورلڈ کپ میں اس کی بہترین کارکردگی میں شمار کیا جا رہا ہے جہاں اس نے مضبوط کھیل، بہترین دفاع اور مؤثر حملہ آور حکمت عملی کے ذریعے شائقین کی توجہ حاصل کی ہے۔

editor

Related Articles