رمضان المبار ک کے آغاز کے ساتھ ہی پنجاب پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مساجد، امام بارگاہوں، بازاروں اور مارکیٹوں کے اطراف سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ صوبے بھر میں رمضان کے دوران لوگوں کی حفاظت کے لیے 75 ہزار سے زائد پولیس اہلکار، افسران، اہلکار اور رضاکار تعینات کئےگئے ہیں۔
آئی جی نے پولیس اہلکاروں کو چوکس رہنے کا حکم دیا اورکہا کہ کسی کو بغیر چیکنگ کے عبادت گاہوں میں داخل نہ ہونے دیں۔ پولیس موبائلز، ڈولفن فورس، محافظ سکواڈ، ایلیٹ فورس، کیو آر ایف اور دیگر ٹیمیں 24 گھنٹے گشت جاری رکھیں گی۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت سکیورٹی کی جائے جبکہ جامع سکیورٹی انتظامات کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے بھی استعمال کیے جائیں گے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع دے کر پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔