پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 9 مارچ سے 16 مارچ تک بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے والا ہے جس کے بعد حکام نے موسم کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا نیا سسٹم پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا باعث بنے گا جس سے خیبر پختونخوا کے بالائی اور میدانی علاقے متاثر ہوں گے۔
پنجاب اور کے پی میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے اور شدید بارش یا برفباری سے ہونے والے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے پی نے حکام کو حساس علاقوں میں مشینری اور وسائل کی دستیابی کو یقینی بنانے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔ دریں اثنا کسانوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرتے وقت موسم کی پیشگوئی کو ضرور ملحوظ خاطر رکھیں۔
شمالی علاقوں کی جانب سفر کرنے والے سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر کرنے سے پہلے موسمی حالات اور سڑکوں کی صورت حال کو اچھی طرح معلوم کر لیں۔ پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن سفر اور حفاظتی احتیاطی تدابیر کے بارے میں مزید رہنمائی کے لیے دستیاب ہے۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسم خوشگوار ہے جس کے باعث درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ تاہم 12 مارچ سے 16 مارچ تک صوبے کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود اور دھوپ کا سلسلہ جاری رہے گا تاہم بارش کا امکان نہیں ہے۔ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔