چیئرمین آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان طارق وزیر علی نے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 8روپے فی لیٹر اورڈیزل کی قیمت میں 12روپے فی لیٹر کمی ہوسکتی ہے۔
سما نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طارق وزیر علی نے کہا کہ تمام او ایم سیز آل ریفائنری سے تیل خریدتی ہیں، آپ جتنا مٹیریل خریدتے ہیں، اس کی قیمت ادا کر دیتے ہیں۔ اس بار تمام ریفائنریز نے اوگرا کو تجویز دی ہے کہ آپ اس طریقہ کار کو تبدیل کر دیں، جو کوٹہ او ایم سی کو دیا جاتا ہے وہ نہیں لیتی تو اسے پیسے دینے ہوں گے۔ یعنی آپ مٹیریل لیں یا نہیں، ریفائنری کو ادائیگی کرنی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اوگرا کو تجویز دی کہ کوئی بھی ایسی پالیسی نہ بنائیں جس میں او ایم سی کو مسائل آئیں۔ او ایم سی اور آئل ریفائنری کے درمیان تیل خریداری کا طریقہ کار تبدیل ہونے کا صارفین سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔صارفین کو جو بھی فرق پڑ ے گا وہ حکومت کی جانب سے تیل کی قیمتیں کم کرنے یا زیادہ کرنے سے ہی پڑے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں اگر تیل کی قیمت میں مزید کمی ہوتی ہے تو پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات مزید سستی ہوسکتی ہیں۔