تمام پاسپورٹ دفاتر میں نقد رقم کے بغیر فیس وصول کرنے کا نظام مکمل طور پر نافذ

تمام پاسپورٹ دفاتر میں نقد رقم کے بغیر فیس وصول کرنے کا نظام مکمل طور پر نافذ

وفاقی حکومت نے پاسپورٹ کے حصول کے عمل کو مزید آسان بنانے کے لیے ملک بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں نقد رقم کے بغیر فیس وصول کرنے کا نظام مکمل طور پر نافذ کر دیا ہے۔ اس نئی سہولت کے تحت شہری اب پاسپورٹ فیس براہِ راست  ڈیجیٹل ذرائع سے ادا کر سکیں گے، جس سے بینکوں کی قطاروں اور غیر ضروری انتظار سے نجات ملے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس اقدام کو عوام کے لیے بڑا ریلیف قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر اس جدید نظام کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے ، اصلاحات کا مقصد سرکاری خدمات کو تیز رفتار، شفاف اور عوام دوست بنانا ہے تاکہ شہریوں کو کم سے کم وقت میں بہترین سہولت میسر آ سکے۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی جانب سے جاری رہنمائی کے مطابق پاسپورٹ فیس جمع کرانے کا طریقہ انتہائی آسان رکھا گیا ہے۔ شہری سب سے پہلے اپنے قریبی پاسپورٹ دفتر کے متعلقہ کاؤنٹر پر جائیں اور عملے کو اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر فراہم کریں۔ اس کے بعد عملہ درخواست گزار کی تصویر لے گا اور ایک پرچی جاری کرے گا جس پر مخصوص کیو آر کوڈ درج ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں :ملک بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں نیا نظام نافذ کردیا گیا

درخواست گزار اپنے موبائل میں موجود کسی بھی بینک کی سرکاری ڈیجیٹل درخواست یا ڈیجیٹل والٹ استعمال کرتے ہوئے اس کیو آر کوڈ کو اسکین کرے گا اور چند لمحوں میں پاسپورٹ فیس ادا کر سکے گا۔ ادائیگی کی تصدیق کے بعد درخواست کا عمل معمول کے مطابق آگے بڑھا دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اس اقدام سے شہریوں کو ایک بڑی پریشانی سے نجات ملے گی۔ انہوں نے پاسپورٹ حکام کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو عالمی معیار کی جدید، تیز رفتار اور شفاف خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ نئے ڈیجیٹل نظام سے پاسپورٹ کے اجرا کا عمل مزید مؤثر ہوگا، شفافیت میں اضافہ ہوگا، جبکہ غیر قانونی ذرائع اور ایجنٹ کلچر کی حوصلہ شکنی میں بھی مدد ملے گی۔

editor

Related Articles