سندھ کے وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے سندھی کھلاڑیوں کو پاکستانی ٹیم میں شامل نہ کئے جانے پر اپنا کرکٹ بورڈ بنانے کی دھمکی د یتے ہوئے کھلاڑیوں پر تنقید کی اورکہا کہ جب کرکٹرز حلوہ پوری، نہاری اور حلیم کھائیں گے تو کیسے کھیلیں گے؟۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹرز کو اپنی ڈائٹ اور نیوٹریشن پر بھی کام کرنا ہو گا، چیمپئینز ٹرافی میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی نے پوری قوم کومایوس کیا ہے۔سردار محمد بخش مہر کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں کچھ ایسے بالرز بھی موجودہیںجنہیں میں پانچ ، چھ چھکے آرام سے مار سکتا ہوں۔
کچھ ایسے بھی بیٹسمین ہیں جنہیں میں آؤٹ کر سکتا ہوں۔کسی زمانے میں کورنگی میں چائنہ کٹنگ اور لینڈ گریبنگ کا عروج تھا، اب کورنگی میں کھیلوں کے ایونٹ دیکھ کرمجھےبے حد خوشی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت آئندہ سال ضلع کورنگی میں کرکٹ سمیت مختلف کھیلوں کا انعقاد یقینی بنائے گی، کورنگی کے کرکٹ گراؤنڈ میں فلڈ لائٹس نصب کریں گے تاکہ نوجوان رات کو بھی کرکٹ کھیل سکیں۔
اس موقع پروزیرکھیل سندھ نے کورنگی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کرکٹ اکیڈمی اور جم کلب بنانے کا اعلان بھی کیا۔انہوں نے کورنگی کی ونر ٹیم کیلئے 4 لاکھ روپے، رنر اپ ٹیم کے لیے 2 لاکھ روپے ، مین آف دی میچ کے لیے 50 ہزار روپے کے انعام کا اعلان کیا۔