جنوب مغربی چین کے صوبہ چونگ چنگ میں واقع لانائنگ کلف روڈ اپنی منفرد تعمیر اور خطرناک راستے کی وجہ سے دنیا بھر میں توجہ حاصل کر رہی ہے۔ عمودی پہاڑ کو ہاتھوں سے تراش کر بنائی گئی یہ سڑک سطح سمندر سے تقریباً 3 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع ہے اور چین کی خوبصورت ترین پہاڑی شاہراہوں میں شمار کی جاتی ہے۔
لانائنگ کلف روڈ کو دنیا کی خطرناک ترین سڑکوں میں بھی شامل کیا جاتا ہے، تاہم یہ صرف ایک راستہ نہیں بلکہ مقامی آبادی کے عزم، ہمت اور محنت کی زندہ مثال بھی ہے۔
سن 2001 میں لانائنگ گاؤں کے صرف 23 گھرانوں پر مشتمل رہائشیوں نے، جو برسوں سے بیرونی دنیا سے تقریباً کٹے ہوئے تھے، پہاڑ کو تراش کر گاڑیوں کے گزرنے کے قابل سڑک بنانے کا فیصلہ کیا۔
چونکہ دشوار گزار علاقے تک تعمیراتی مشینری پہنچانا ممکن نہیں تھا اور مقامی افراد کے پاس مہنگی مشینیں خریدنے کے وسائل بھی موجود نہیں تھے، اس لیے تقریباً 80 افراد نے لوہے کی چھینیوں اور ہتھوڑوں کی مدد سے ہاتھوں سے چٹان کاٹ کر سڑک تعمیر کی۔
ہر گھرانے نے تقریباً 1.2 کلومیٹر طویل سڑک کے ایک حصے کی ذمہ داری سنبھالی، جبکہ ابتدائی راستہ مکمل کرنے میں انہیں تقریباً 4 سال لگے۔ بعد ازاں یہ شاہراہ لانائنگ کلف روڈ کے نام سے مشہور ہو گئی۔
سال 2016 میں چونگ چنگ کی مقامی حکومت نے اس سڑک کو مزید مضبوط اور کشادہ کرنے کی منظوری دی۔ حکام کے مطابق اس منصوبے سے علاقے میں آمدورفت بہتر ہوئی، سیاحت کو فروغ ملا اور مقامی معیشت و غربت کے خاتمے میں بھی مدد ملی۔
یہ سڑک آج بھی اپنی انتہائی تنگ ساخت اور خطرناک ڈھلوان کی وجہ سے ڈرائیوروں کے لیے ایک بڑا امتحان سمجھی جاتی ہے۔ بعض مقامات پر اس کی چڑھائی کا تناسب تقریباً 22.9 فیصد تک پہنچ جاتا ہے، جس کی وجہ سے یہاں سفر کے لیے غیرمعمولی مہارت، احتیاط اور صبر درکار ہوتا ہے۔
اگرچہ یہ راستہ چیلنجز سے بھرپور ہے، لیکن اس پر سفر کرنے والوں کو گہری وادیوں، سرسبز پہاڑوں اور دلکش قدرتی مناظر کا ایسا نظارہ بھی دیکھنے کو ملتا ہے جو اس سفر کو یادگار بنا دیتا ہے۔