جنگیں ایمان، اتحاد، تنظیم کے سنہری اصولوں سے جیتی جاتی ہیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

جنگیں ایمان، اتحاد، تنظیم کے سنہری اصولوں سے جیتی جاتی ہیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستانی افواج جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت کے مطابق اپنی آپریشنل تیاریوں، حکمتِ عملی اور استعداد کو ازسرِنو ترتیب دے رہی ہیں تاکہ روایتی، غیر روایتی اور ہائبرڈ خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے فارغ التحصیل افسران سے خطاب کیا۔ ان کی آمد پر صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی نے ان کا استقبال کیا۔

اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل نے جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پیچیدہ تزویراتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے واضح حکمتِ عملی، پیشہ ورانہ صلاحیت اور ادارہ جاتی مہارت بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی جیسے اعلیٰ تعلیمی ادارے مستقبل کی عسکری اور سول قیادت کی تربیت میں قابلِ تحسین کردار ادا کر رہے ہیں، جو دور اندیشی، اعتماد اور عزم کے ساتھ ہائبرڈ، روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی خودمختاری اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائے گا، فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل نے کہا کہ مسلح افواج ریاست مخالف سرگرمیوں اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں سے مکمل طور پر آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی سرپرستی میں کام کرنے والے نیٹ ورکس اور پراکسیز اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے اور انہیں ملک کے داخلی امن اور معاشی استحکام کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرحد پار سے ہونے والی دہشتگردی کو ریاست کی پوری قوت سے کچل دیا جائے گا، جبکہ مسلح افواج قوم کی حمایت سے دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ یقینی بنائیں گی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ جنگیں میڈیا کے بیانیے یا سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے ذریعے جیتی جاتی ہیں۔

خطاب کے اختتام پر انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بلند حوصلے اور آپریشنل تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے فارغ التحصیل افسران پر زور دیا کہ وہ دیانت، بے لوث خدمت اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا حصہ بنائیں۔

Related Articles