پاکستان ریلویز کراچی ڈویژن نے ٹرین مسافروں کو ٹکٹنگ اور بکنگ کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ریزرویشن دفاتر کے نئے اوقاتِ کار جاری کر دیے ہیں۔
پاکستان ریلویز کراچی ڈویژن کی جانب سے ریزرویشن دفاتر کے عملے کے لیے نئے اوقاتِ کار کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت شام کی شفٹ کے وقت میں مزید 3 گھنٹے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی ڈویژن کے ریزرویشن دفاتر میں صبح کی شفٹ صبح 8 بجے سے شروع ہو کر شام 4 بجے تک جاری رہے گی، جبکہ شام کی شفٹ شام 4 بجے سے شروع ہو کر رات 12 بجے تک چلے گی۔ اسی طرح نائٹ شفٹ رات 12 بجے سے صبح 8 بجے تک مسلسل جاری رہے گی۔
اس سے قبل ریزرویشن دفاتر میں شام کی شفٹ رات 9 بجے تک ہوتی تھی، جسے اب بڑھا کر رات 12 بجے تک کر دیا گیا ہے۔
پاکستان ریلویز کے حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد رات کے وقت آنے والے مسافروں کو ٹکٹنگ اور ریزرویشن کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے، تاکہ کام کاج سے فارغ ہو کر مختلف اوقات میں آنے والے شہری بھی آسانی سے اپنی سیٹوں کی بکنگ کرا سکیں۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ریلوے ریزرویشن دفاتر میں جمعہ کے روز نمازِ جمعہ کے لیے دوپہر 1 بجے سے ڈھائی بجے تک کا وقفہ حسبِ معمول برقرار رہے گا۔
ریلوے انتظامیہ نے کراچی ڈویژن کے تمام متعلقہ افسران اور اسٹیشن عملے کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ نئے اوقاتِ کار پر فوری اور مروجہ قوانین کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائے، تاکہ عوام کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔