آٹا مہنگا ہونے کے اثرات، روٹی کی قیمت بھی بڑھ گئی،عوام کیلئے ایک اور بڑی پریشانی

آٹا مہنگا ہونے کے اثرات، روٹی کی قیمت بھی بڑھ گئی،عوام کیلئے ایک اور بڑی پریشانی

آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد شہر میں روٹی بھی مہنگی ہو گئی جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ مختلف علاقوں میں 14 روپے میں فروخت ہونے والی روٹی اب 20 سے 25 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ عوام نے قیمتوں میں اچانک اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں تقریباً 400 روپے اضافے کے بعد نانبائیوں نے روٹی کے نرخ بڑھا دیے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیا پہلے ہی مہنگی ہو چکی ہیں، ایسے میں روٹی کی قیمت بڑھنے سے گھریلو بجٹ مزید متاثر ہوگا۔

دوسری جانب نانبائیوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مہنگے آٹے ایل پی جی اور دیگر اخراجات کے باعث پرانے سرکاری نرخ پر روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں رہا۔ نان بائی رہنما آفتاب اسلم گل نے کہا کہ 14 روپے میں روٹی فروخت کرنے سے اخراجات پورے نہیں ہوتے اس لیے 20 روپے میں روٹی فروخت کرنا مجبوری بن چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں سے متعلق لاہور ہائیکورٹ نے بڑا فیصلہ جاری کر دیا

انہوں نے بتایا کہ نان روٹی ایسوسی ایشن کی جانب سے کئی مرتبہ متعلقہ حکام کو درخواستیں دی گئیں تاہم اب تک اس معاملے پر کوئی مؤثر فیصلہ نہیں کیا گیا۔

نانبائی رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ روٹی کی نئی قیمت کا سرکاری طور پر تعین کیا جائے تاکہ دکانداروں اور شہریوں دونوں کے لیے واضح پالیسی موجود ہو۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے اور دیگر اشیائے خور و نوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو مزید مہنگائی کے بوجھ سے بچایا جا سکے۔

editor

Related Articles