خیبرپختونخوا حکومت نے صوبائی دارالحکومت پشاور میں ایک ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی۔
ڈپٹی کمشنر آفس نے پشاور میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلامیہ جاری کر دیا، دفعہ 144 کے تحت کھلونا بندوقیں، آتشیں پٹاخوں وغیرہ کی فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق دفعہ 144 کی خلاف ورزی پردفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت کارروائی کی جائیگی، مزید کہا گیا کہ پشاور میں دفعہ 144 کا نفاذ فوری طورپر ہوگا اور ایک ماہ کیلئے نافذ رہے گا۔
دوسری جانب اسلام آباد، راولپنڈی میں کل 22 مارچ اور 23 مارچ کو بڑی گاڑیوں کا داخلہ بند ہو گا۔ترجمان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ بڑی گاڑیوں کا داخلہ 22 مارچ دوپہر 12 سے 23 مارچ سہ پہر 3 بجے تک بند ہو گا۔
ترجمان پولیس کے مطابق پشاور سے براستہ جی ٹی روڈ آنے والی بڑی گاڑیوں کو مارگلہ اور ٹیکسلا پر روک دیا جائے گا، پشاور سے براستہ موٹروے پر آنے والی بڑی گاڑیوں کو برہان انٹرچینج پر روک دیا جائے گا۔
لاہور سے براستہ موٹر وے آنے والی بڑی گاڑیاں چکری انٹرچینج پر روک دی جائیں گی، لاہور سے براستہ جی ٹی روڈ آنے والی بڑی گاڑیوں کو مندرا ٹول پلازہ پر روک دیا جائے گا۔
ترجمان موٹروے کا کہنا ہے کہ کشمیر اور مری سے آنے والی بڑی گاڑیاں17میل ٹال پلازہ سے20 کلو میٹر پہلے روک دی جائیں گی۔