وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے عاطف خان کیخلاف کمزور کیس بنانے پر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کو فارغ کردیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا  نے عاطف خان کیخلاف کمزور کیس بنانے پر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کو فارغ کردیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے سابق سینئر صوبائی وزیر اور رکن قومی اسمبلی عاطف خان کے خلاف کمزور اینٹی کرپشن کیس بنانے پر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کو عہدے سے فارغ کردیا۔

ذرائع کے مطابق عاطف خان کے خلاف کیس میں کمزور دلائل اور تیاری نہ کرنے پر سینئر قانون دان اور اینٹی کرپشن کمیٹی کے سربراہ قاضی انور ایڈوکیٹ کو علی امین گنڈاپور نے ہدایات جاری کی کہ متعلقہ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کو فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ سماعت کے دوران سرکاری وکیل نوروز خان کے مؤقف سے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سخت ناراض تھے اور اس سلسلے میں قاضی انور ایڈوکیٹ کی ایک آڈیو بھی لیک ہوئی ہے جس میں انہوں نے نوروز خان کو ہدایت کی ہے کہ وہ عہدے سے ہٹانے سے پہلے خود استعفیٰ دیں تو بہتر ہوگا۔

آڈیو میں قاضی انور نے نوروز خان سے کہا کہ سماعت کے دوران آپ نے کمزرو دلائل دیے جو آرڈر شیٹ میں بھی آگئے ہیں، آرڈر شیٹ میں لکھا ہے فریقین آپس میں صلح کر رہے ہیں، وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اُسی دن کہا کہ انہیں ہٹایا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالت میں گزشتہ سماعت کے دوران عاطف خان کے خلاف کیس میں سرکاری وکیل نے ٹھیک طریقے سے حکومت کی نمائندگی نہیں کی سرکاری وکیل نے عدالت میں جو مؤقف اختیار کیا تھا اس سے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور سخت ناراض ہیں، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر قاضی انور ایڈووکیٹ نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نو روز خان سے استعفیٰ طلب کیا۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا احتساب کمیٹی نے 23 کابینہ ممبران کو کیوں طلب کیا؟

واضح رہے کہ اس سے پہلے 13 مارچ کو نوروز خان کو ایڈوکیٹ جنرل شاہ فیصل خان اتمانخیل کی جانب سے ایک شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا جس میں اسی کیس کا حوالہ دیتے ہوئے ایک دن میں جواب طلب کیا گیا تھا کہ متعلقہ کیس کی پیروی درست طریقے سے نہیں کی گئی۔

قاضی انور ایڈووکیٹ کے جواب میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نوروز خان کا آیڈیو پیغام بھی سامنے آگیا ہے جس میں انہوں نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ کہتے ہیں کہ انہوں نے اس کیس کو کیوں پرسو نہیں کیا، انہیں سزا وار ٹھہرایا جارہا ہے۔

نوروز خان کے مطابق وہ کسی صورت استعفی نہیں دیں گے اور جعلی دستخط کے ساتھ ان کا استعفیٰ تیار کیا جارہا ہے، تاہم گزشتہ روز 22 مارچ کو صوبائی حکومت کی جانب سے نوروز خان کو انکے عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *