فٹبال کے میدان میں پیش آنے والے ایک غیر معمولی واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں پیراگوئے کے ایک فٹبالر کو میچ ریفری کی گری ہوئی گھڑی اپنی کلائی پر باندھتے دیکھا جا سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ پیراگوئے اور ترکی کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آیا، جہاں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان پہلے ہاف کے اختتام سے قبل تلخ کلامی اور دھکم پیل شروع ہوگئی۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہنگامے کے دوران میچ ریفری ایوان بارٹن کی کلائی سے گھڑی گر جاتی ہے۔ اسی دوران پیراگوئے کے 24 سالہ مڈفیلڈر میٹیاس گالارزا کی نظر گھڑی پر پڑتی ہے اور وہ اسے اٹھا لیتے ہیں۔
ویڈیو کے مطابق گالارزا نے گھڑی فوری طور پر ریفری کو واپس کرنے کے بجائے اپنی کلائی پر باندھ لی اور چند لمحوں تک اس کا جائزہ لیتے رہے۔ اس دوران ریفری اس صورتحال سے لاعلم دکھائی دیتے ہیں۔
بعد ازاں جب میدان میں حالات معمول پر آئے تو فٹبالر نے گھڑی ریفری کو واپس کر دی۔
اگرچہ گھڑی بالآخر ریفری کو واپس مل گئی، تاہم ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے سامنے آ رہے ہیں۔ بعض صارفین نے فٹبالر کی حرکت کو مذاق قرار دیا جبکہ کچھ افراد نے اسے نامناسب رویہ قرار دیتے ہوئے تنقید کی ہے۔وائرل کلپ نے فٹبال شائقین کے درمیان دلچسپ بحث چھیڑ دی ہے اور یہ واقعہ سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔