راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے فوڈ کنٹرول سیل نے غیر قانونی مذبح خانوں، بیمار اور عمر رسیدہ جانوروں سے گوشت فروخت کرنے والوں اور حفظان صحت کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے قصابوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔
آر سی بی کے ترجمان کے مطابق حکام نے غیر محفوظ گوشت، بیکری آئٹمز، جنرل اسٹور کی مصنوعات اور غیر معیاری کوکنگ آئل ضبط کرکے تباہ کردیا ہے، بورڈ نے رواں سال ایک کروڑ روپے سے زیادہ کے جرمانے عائد کیے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر علی عرفان رضوی اور ڈپٹی کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر ناصر کمال کے احکامات پر فوڈ کنٹرول سیل کے انچارج ہارون ظفر اور ان کی ٹیم نے پیپلز کالونی میں چھاپہ مارا جہاں انہوں نے غیر قانونی مذبح خانے کا انکشاف کیا اور ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔