کروشیا جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری

کروشیا جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری

کروشیا جانے کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں پاکستان میں کروشیا کی ویزا پروسیسنگ سہولت کھولنے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔ اس اقدام سے ویزا کے حصول کا طریقہ کار آسان ہونے اور دونوں ممالک کے شہریوں کے درمیان روابط میں اضافے کی توقع ہے۔

پاکستان اور کروشیا کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کروشیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر گورڈن گرلک ریڈمین سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی امور سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 یہ بھی پڑھیں :پاکستان اور کروشیا کا تجارتی و سفارتی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا عزم

اعلامیے میں کہا گیا کہ دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور ڈاکٹر گورڈن گرلک ریڈمین کے دورۂ پاکستان کو باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اعلیٰ سطح کے رابطے برقرار رکھنے، تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران موسمیاتی تبدیلی، سیاحت، بنیادی ڈھانچے، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بندرگاہوں اور دیگر شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا جبکہ دونوں ممالک کی سفارتی اکیڈمیوں کے درمیان تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر جلد دستخط کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کی گئی۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق پاکستان میں کروشیا کی ویزا پروسیسنگ سہولت قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا جس سے ویزا درخواستوں کے طریقہ کار میں آسانی پیدا ہوگی اور عوامی روابط مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ سیاسی مشاورت کے موجودہ نظام سے بھرپور استفادہ کرنے، باقاعدہ سفارتی رابطے برقرار رکھنے، منڈیوں تک رسائی بڑھانے اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

 یہ بھی پڑھیں :تیل کی قیمتوں سے متعلق پاکستان کیلئے سعودی عرب سے بڑی خوشخبری آ گئی

اعلامیے میں کہا گیا کہ جغرافیائی اسٹریٹجک محل وقوع کے تناظر میں رابطوں اور لاجسٹکس کے شعبے میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان نے یورپی یونین کے متعلقہ فریم ورک کے تحت تعاون جاری رکھنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی، جبکہ کروشیا نے نئے جی ایس پی ریگولیشن کے تحت پاکستان کی دوبارہ درخواست جمع کرانے کی دلچسپی کا نوٹس لیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک نے نقل مکانی اور افرادی قوت کی نقل و حرکت سے متعلق بڑھتے ہوئے تعاون کا خیرمقدم کیا اور کروشیا میں پاکستانی ہنرمند کارکنوں کے لیے قانونی ذرائع سے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے امکانات کو تسلیم کیا۔ اس کے علاوہ ثقافت، تعلیم، سائنس اور تحقیق کے شعبوں میں بھی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

editor

Related Articles