سعودی عرب نے حج 2025 کے دوران پاکستان سمیت 14 ممالک کے شہریوں پر عمرہ، کاروباری اور فیملی ویزوں پر پابندی عائد کردی۔
سعودی حکومت نے آنے والے حج سیزن کے دوران پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشیا، عراق، نائیجیریا، اردن، الجزائر، سوڈان، ایتھوپیا، تیونس اور یمن کے شہریوں کے لیے عمرہ، کاروباری اور فیملی ویزے معطل کر دیے۔
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق یہ پابندی جون کے وسط تک برقرار رہے گی، تاہم سفارتی ویزوں، اقامتی اجازت ناموں اور حج سے متعلق مخصوص ویزوں کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔ حج 2025 کا سیزن 4 جون سے 9 جون تک جاری رہے گا اور اس دوران مذکورہ ممالک کے شہریوں کو عمرہ، کاروبار یا خاندانی ویزے جاری نہیں کیے جائیں گے۔
سعودی حکام نے ہدایت کی ہے کہ ان ممالک سے عمرہ ویزے پر موجود زائرین کو 13 اپریل تک سعودی عرب چھوڑنا ہوگا، کیونکہ اس تاریخ کے بعد ان ممالک سے عمرہ یا دیگر مخصوص ویزوں پر داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اگر کوئی شخص پابندی کے باوجود سعودی عرب میں پایا جاتا ہے تو اس پر 5 سال کی سفری پابندی عائد ہو سکتی ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدام حج کے انتظامات کو بہتر بنانے اور زائرین کی سہولت کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ ایک عارضی انتظامی فیصلہ ہے جس کا مقصد حج کے دوران سلامتی اور نظم و ضبط کو یقینی بنانا ہے۔