حکومت پنجاب نے 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے دوران پنجاب بھر میں ہنگاموں اور فسادات کے دوران ہونے والے نقصانات کی تفصیلی رپورٹ سپریم کورٹ آف پاکستان میں پیش کر دی ہے۔
منگل کو 9 مئی کے واقعات میں ملوث مبینہ ملزمان کی ضمانت سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران حکومت پنجاب کے وکیل نے سانحہ 9 مئی کے نقصانات کی تفصیل پر مبنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں 9 مئی کے پاکستان تحریک انصاف کے ہنگاموں سے 19 کروڑ 70 لاکھ کا نقصان ہوا۔
WhatsApp Image 2025-04-08 at 11.02.20 AM by Iqbal Anjum on Scribd
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث 24 ہزار 595 مبینہ ملزمان تاحال مفرور ہیں، 9 مئی پر پنجاب کے 38 شہروں میں توڑ پھوڑ کی گئی اور سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاہور میں املاک کو 110 ملین روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ راولپنڈی میں 26 ملین کا نقصان ہوا، میانوالی میں 50 ملین روپے کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔ رپورٹ پیش کرتے ہوئے حکومت پنجاب کے وکیل نے بتایا کہ 9 مئی کو ایک ادارے پر حملہ کیا گیا،9 مئی کوئی احتجاج یا ریلی نہیں ادارہ پر حملہ تھا، 9 مئی کے پنجاب بھر کے 38 اضلاع میں 319 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
وکیل نے بتایا کہ 9 مئی کے واقعات میں مبینہ طور پر ملوث ٹوٹل ملزمان کی تعداد 35 ہزار962 ہیں، جن میں سے 9 مئی کے 11 ہزار 367 ملزمان گرفتار ہیں باقی 24 ہزار 595 ملزمان تاحال مفرور ہیں۔