چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے امریکی کانگریس کے تین رکنی اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے امریکی کانگریس کے تین رکنی اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے امریکی کانگریس کے تین رکنی اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی اور دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی وفد میں جیک برگ مین، تھومس سوزی اور جوناتھن جیکسن شامل تھے۔ ملاقات کے دوران خطے میں امن و استحکام، دوطرفہ دفاعی تعاون اور دیرپا روابط کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

دونوں فریقین نے باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور اسٹریٹیجک مفادات کے تناظر میں روابط کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ امریکی قانون سازوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے، پاکستان کی علاقائی امن و سلامتی کے لیے کی جانے والی کوششوں اور قوم کی مزاحمتی صلاحیت کی بھرپور تعریف کی۔

انہوں نے پاکستان کی خودمختاری کے لیے احترام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، سیکیورٹی، تجارت، سرمایہ کاری اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے امریکی وفد کے دورہ پاکستان پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری کو مزید گہرا اور متنوع بنانے کا خواہاں ہے۔

ملاقات کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تربیتی تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے، جو دونوں ممالک کے درمیان سائنسی و تکنیکی تعاون کے نئے باب کا آغاز ثابت ہوں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *