اڈیالہ جیل کے قریب عمران خان کی تینوں بہنوں سمیت پی ٹی آئی رہنمائوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
راولپنڈی پولیس کی جانب سے عمران خان کی بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین خان کو اڈیالہ جیل کے قریب سے حراست میں لے کر قیدی وین میں بٹھا دیا گیا۔ ان کے علاوہ صاحبزادہ حامد رضا، عمر ایوب، ملک احمد خان بھچر اور قاسم خان نیازی کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بچھر، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا سمیت 7 افراد کے وارنٹ دکھا دیئے۔
عمران خان کی بہنیں اور پی ٹی آئی رہنما ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل پہنچے تھے۔ پولیس نے انہیں راستے میں ناکے پر روک لیا تھا۔ گرفتاری سے پہلے پی ٹی آئی رہنمائوں اور پولیس کے درمیان تکرار بھی ہوئی۔ پولیس نے پی ٹی آئی رہنمائوں سے کہا کہ آپ سب کو گرفتار کرنا ہے۔ عمران خان کی بہنوں اور گرفتار پی ٹی آئی رہنمائوں کی گاڑیاں چکری کی جانب روانہ ہوگئیں۔
گرفتاری سے پہلے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ تین ماہ ہوگئے ہیں، عمران خان سے ملاقات نہیں کروائی جارہی۔ فوکل پرسن نے ملاقات کیلئے ہمارے نام دیے تھے، اس لیے آج ہم ملاقات کیلئے یہاں آئے ہیں۔