پاکستان نے پہلگام واقعے پر بھارت کی جانب سے اٹھائے گئے یکطرفہ اقدامات اور الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بھارتی پروازوں کیلئے فضائی حدود پر پابندی سمیت ہر قسم کی تجارت معطل کردی ہے۔ جس سے بھارتی معیشت کو بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا۔
ماہرین نے اس حوالے سے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے فضائی حدود کی بندش سے بھارت کو پچھلی بار صرف چند دنوں میں 8 کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔ اب پاکستان نے ایک ماہ کیلئے بھارتی پروازوں پر فضائی حدود استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ بھارتی ایئر لائنز کو خدشہ ہے کہ فضائی پابندی کے باعث ٹکٹوں کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوگا۔
بھارتی ایئر لائنز کو بھاری مالی نقصان، پروازوں میں تاخیر اور کرایوں میں اضافے کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اب بھارتی مسافروں کو لمبے سفر اور مہنگے ٹکٹ برداشت کرنا ہوں گے۔ بھارتی عوام متبادل، سستی اور محفوظ ایئر لائنز کو ترجیح دیں گے۔
دوسری جانب پاکستان کی جانب سے بھارت کیساتھ ہر قسم کی تجارت ختم کرنے سے بھی بھارت کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔
ماہرین کے مطابق بھارتی درآمدات پر پابندی کے باعث جو اہم اشیاء اب پاکستان نہیں آئیں گی، ان میں کپاس، نامیاتی کیمیکلز، خوراک کی مصنوعات (جس میں جانوروں کا تیار کردہ چارہ بھی شامل ہے)، کھانے کی سبزیاں، پلاسٹک کے سامان، مصنوعی ریشے، کافی، چائے، مصالحے، رنگ، تیل دار بیج، دودھ سے بنی اشیاء، دوا سازی کی مصنوعات وغیرہ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت کی پاکستان کو برآمدات 1.21ارب ڈالر تک پہنچ چکی تھیں، یہ پابندیاں بھارتی معیشت کیلئے بڑا دھچکا ثابت ہوں گی۔