پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما ثنا اللہ مستی خیل نے کہا ہے کہ 25 کروڑ پاکستانی عوام بھارت کے اشتعال انگیز اقدامات کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند متحد ہیں۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملک کے لیے مکمل طور پر متحد ہیں۔ ہمیں دشمن کو ایک واضح، دوٹوک پیغام دینا چاہیے کہ ہم کسی بھی غلط فہمی یا خوش فہمی میں مبتلا دشمن کے عزائم کو ہر حال میں ناکام بنائیں گے۔
ثنا اللہ مستی خیل نے کہا کہ ہم اپنے سیاسی، ذاتی اور گروہی اختلافات کو پس پشت ڈال کر پاکستان کی وحدت، سلامتی اور دفاع کی خاطر یکسو اور مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ دشمن کو منہ توڑ جواب دیں گے اور ان شاء اللہ ہر محاذ پر سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے رہیں گے۔ہم پاکستان کی خاطر ہم اپنی جان، اپنے بچے، اور سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قومی سلامتی سے متعلق اہم معاملات پر ہونے والی مشاورت میں ملک کی سب سے بڑی مقبول اور 80 فیصد عوامی نمائندگی رکھنے والی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بھی اعتماد میں لینا چاہیے تھا۔ قومی مفاد کے ایسے حساس موقع پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا ہی اتحاد اور یکجہتی کی حقیقی علامت ہے۔