وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آج سیکیورٹی فورسز کیلئے اہم ترین دن ہے۔ پاک افغان سرحد پر دراندازی کرنیوالے درجنوں خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن سیکیورٹی فورسز کیلئے اہم ہے۔ 25 اور26 اپریل کی درمیانی شب خوارج نے شمالی وزیرستان میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے خوارج کو تینوں اطراف سے گھیر کر نشانہ بنایا۔ جس کے نتیجے میں 54 خوارج مارے گئے۔ دہشتگرد پاکستان میں گھس کر دہشتگردی کرنا چاہتے تھے۔ دوبارہ پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی تو ایسے ہی ماریں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ایسے وقت میں جب بھارت پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کر رہا ہے، فتنہ الخوارج کے اس عمل سے صاف پتہ چلتا ہے کہ یہ کس کی ایماء پر کام کر رہے ہیں۔ خوارج کو بیرونی آقائوں نے پاکستان میں دہشتگردی کیلئے بھیجا تھا۔ سب کو پتہ ہے کہ دہشتگردوں کو کون فنڈنگ کر رہا ہے۔ پاکستان کیخلاف جو بھی سازش کر رہا ہے کسی کو معاف نہیں کریں گے۔ بھارت نے کچھ بھی کیا تو اس کا جواب ضرور دیا جائیگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خارجیوں نے دوبارہ پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی تو ایسے ہی ماریں گے۔ قومی سلامتی میٹنگ میں یہ بات ہوئی تھی کہ ہماری توجہ ہٹانے کی کوشش کی جائیگی۔ ہم کامیات کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔