ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہو گیا، 12 اشیاء مہنگی، 11 سستی، 28 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح میں 0.15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح منفی 2.41 فیصد رہی۔
مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق مہنگی ہونے والی اشیاء میں انڈے سرفہرست رہے، فی درجن انڈوں کی قیمت میں 13 روپے 5 پیسے کا اضافہ ہوا، برائلر مرغی کی قیمت میں 7 روپے 12 پیسے اضافہ ہوا، گھریلو ایل پی جی کا سیلنڈر 33 روپے 75 پیسے مہنگا ہوا۔
بریڈ، کیلے، دال مونگ، چینی، چاول، بیف اور لہسن بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔ لہسن 7 روپے 29 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔
پیاز، ٹماٹر، آٹے کا 20 کلو کا تھیلا، دال مسور، گھی اور چنے سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔ پیاز کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 87 پیسے جبکہ ٹماٹر کی قیمت میں 2 روپے 5 پیسے فی کلو کمی ہوئی۔
چھوٹا گوشت، تازہ دودھ، چائے سمیت 28 اشیا کی قیمتوں میں کوئی رد و بدل نہیں ہوا اور قیمتیں مستحکم رہیں۔