بھارتی میڈیا اور تجزیہ نگاروں نے مودی حکومت کی پروپیگنڈا مہم کا بھانڈا بھی پھوڑ دیا، سرجیکل اسٹرائیک کو سیاسی ڈراما قرار دے دیا ہے۔
پہلگام فالس فلیگ واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے کی گئی مبینہ سرجیکل اسٹرائیک کا جھوٹ بھی سامنے آ گیا ہے۔ نہ صرف بھارتی فوج کے سابق جنرلز بلکہ کئی معروف بھارتی تجزیہ نگاروں نے بھی اس نام نہاد پہلگام کارروائی کو پروپیگنڈا اور سیاسی فائدے کے لیے رچایا گیا ڈراما قرار دیا ہے۔
بھارتی تجزیہ نگاروں کا انکشاف، ’کوئی سرجیکل اسٹرائیک نہیں ہوئی‘
بھارتی تجزیہ نگاروں نے مختلف ٹی وی پروگرامز اور اخبارات میں کہا ہے کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیک کا جو بھی دعویٰ کیا گیا ہے، وہ محض عوام کو بہلانے کی کوشش تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق بھارت کو کسی دوسرے ملک کی سرحد عبور کرنے کا اختیار ہی نہیں اور اس بنیاد پر یہ کارروائی صرف بیان بازی کی حد تک ہی محدود ہے۔
ویڈیو بھی جعلی تھی، مقاصد بھی سیاسی تھے
ایک سینئر بھارتی تجزیہ کار نے مودی حکومت پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جو ویڈیو بطور ثبوت پیش کی گئی، وہ درحقیقت ایک پرانی مشق کی فوٹیج تھی جسے سرجیکل اسٹرائیک کا رنگ دے کر دکھایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کی ویڈیوز اور بیانات صرف اندرونی سیاسی فوائد حاصل کرنے کے لیے استعمال کیے گئے تاکہ حکومت عوامی جذبات کو قابو میں رکھ سکے۔
مودی حکومت کا بیانیہ کمزور، عالمی سطح پر ساکھ متاثر
پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بے بنیاد الزامات کے بعد سرجیکل اسٹرائیک کا جھوٹ بھی سامنے آنے سے مودی حکومت کا بیانیہ مزید کمزور ہو گیا ہے۔ بھارت کی جانب سے متضاد بیانات اور جھوٹی کارروائیوں نے نہ صرف خطے کے امن کو خطرے میں ڈالا ہے بلکہ خود بھارت کی بین الاقوامی ساکھ کو بھی شدید دھچکا پہنچایا ہے۔
پاکستان کا مؤقف درست ثابت ہوا
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا اور تجزیہ کاروں کی جانب سے ان انکشافات کے بعد پاکستان کا دیرینہ مطالبہ کہ ان تمام واقعات کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں، مزید تقویت پا گیا ہے۔ پاکستان پہلے ہی ان کارروائیوں کو بھارتی فالس فلیگ آپریشنز اور پروپیگنڈا قرار دے چکا ہے اور اب بھارتی میڈیا سے آنے والی سچائی نے ان دعووں کو سچ ثابت کر دیا ہے۔