پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کیا گیا تو بھرپور طاقت سے جواب دیں گے، آرمی چیف

پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کیا گیا تو بھرپور طاقت سے جواب دیں گے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر چیف نے کہا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کیا گیا تو بھرپور طاقت سے جواب دیں گے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے ان خیالات کا اظہار جی ایچ کیو میں 15ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے آج جی ایچ کیو میں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے 15ویں سیشن کے شرکا سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ورکشاپ 2016 سے جاری ہے اس میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ، بیوروکریٹس، سول سوسائٹی، نوجوانوں، ماہرینِ تعلیم اور میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد شامل ہوتی ہے۔

آرمی چیف نے حکومت کی بلوچستان میں سماجی و معاشی ترقی پر مستقل توجہ کو اجاگر کیا، انہوں نے کہا کہ بلوچستان موجودہ اور آئندہ منصوبوں کی وسعت اور نوعیت جھوٹے پروپیگنڈے کو مسترد کرنے کے لیے کافی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ کئی ترقیاتی منصوبے ایسے ہیں جن کے ثمرات بلوچستان کے عوام تک پہنچنا شروع ہو چکے ہیں، جنرل عاصم منیر نے سول سوسائٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے خاص طور پر نوجوانوں میں شعور بیدار کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

پاک بھارت کشیدگی، نیویارک ٹائمز کا جنرل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی میں نوجوانوں کا کردار کلیدی ہے، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی سلامتی اور ترقی کو سب سے بڑا خطرہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے ہے۔

آرمی چیف سید عاصم منیر نے کہا کہ دشمن عناصر کی جانب سے صوبے میں خوف، عدم استحکام اور تشدد پھیلانے کی سازشیں ناکام بنائی جائیں گی، آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب، فرقہ یا نسل نہیں ہوتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کو پوری قومی یکجہتی کے ساتھ شکست دینا ہو گی، بلوچ شناخت کے نام پر اپنے ذاتی اور مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے دہشت گردی کرنے والے گروہ بلوچ وقار اور حب الوطنی پر بدنما داغ ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن چاہتا ہے، پاکستان کی خودمختاری یا جغرافیائی سالمیت کو چیلنج کیا گیا تو قومی وقار اور عوام کی سلامتی کے تحفظ کے لیے بھرپور طاقت سے جواب دیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی مکمل حمایت کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ ورکشاپ کے اختتام پر مؤثر اور بے تکلف سوال و جواب کا سیشن ہوا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *