سنیپ چیٹ بند یا لاگ آؤٹ کا مسئلہ؟ اصل وجہ کیا ہے؟

سنیپ چیٹ بند یا لاگ آؤٹ کا مسئلہ؟ اصل وجہ کیا ہے؟

تصاویر اور ویڈیوز شیئرنگ کی مشہور ایپ سنیپ چیٹ میں گزشتہ روز سے بڑی فنی خرابی کے باعث ہزاروں صارفین ایپ استعمال کرنے سے محروم رہے۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی کہ کہیں پاکستان میں ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی طرح سنیپ چیٹ کو بھی بلاک تو نہیں کر دیا گیا، یا یہ مسئلہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کا نتیجہ ہے۔

تاہم یہ تمام قیاس آرائیاں بے بنیاد ثابت ہوئیں۔ حقیقت یہ ہے کہ سنیپ چیٹ کو تکنیکی مسائل کا سامنا ہے، جس کے باعث صارفین کو ایپ کی سست روی، اچانک لاگ آؤٹ  سمیت متعدد مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ملک کے مختلف شہروں، خصوصاً لاہور، کراچی، راولپنڈی اور پشاور میں صارفین نے شکایت کی کہ وہ نہ تو تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر پا رہے ہیں اور نہ ہی پیغامات بھیج پا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹوئٹر سے مماثلت رکھنے والے پلیٹ فارم ’بلیو اسکائی‘ کی مقبولیت میں اچانک اضافہ

مسئلہ صرف پاکستان تک محدود نہیں رہا بلکہ برطانیہ، فرانس اور دیگر ممالک میں بھی اسی نوعیت کی شکایات سامنے آئیں۔ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق 57 فیصد صارفین بغیر اطلاع کے لاگ آؤٹ ہو گئے، جبکہ 24 فیصد کو شیئرنگ اور 18 فیصد کو اپ لوڈنگ میں مشکلات کا سامنا رہا۔

سنیپ چیٹ انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی وضاحتی بیان جاری نہیں کیا گیا، جس پر صارفین میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ سرور کی خرابی یا حالیہ اپ ڈیٹ کی وجہ سے پیش آیا ہو سکتا ہے، جبکہ کچھ صارفین وی پی این کے ذریعے ایپ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

ٹیکنالوجی ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ سنیپ چیٹ سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو اپنے سرور سسٹمز اور اپ ڈیٹس کے عمل کو مزید محفوظ بنانے کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ ایسے مسائل سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: علیمہ خان اور پی ٹی آئی ٹویٹر سربراہ احسن علوی کی مبینہ واٹس ایپ گفتگو لیک ہو گئی

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *