اسلام آباد: سپارکو نے ایک تاریخی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان کے مقامی الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ (EO-3) کو تائی یوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر، چین سے کامیابی کے ساتھ لانچ کرنے کی تصدیق کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق EO-3 سیٹلائٹ کی آج کی لانچ پاکستان کی خود انحصاری اور تکنیکی برتری کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔ یہ سیٹلائٹ شہری منصوبہ بندی، آفات سے نمٹنے، غذائی تحفظ اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں انقلابی نوعیت کا امیجنگ ڈیٹا فراہم کرے گا۔
پاک فوج کے ترجمان کے مطابق EO-3 سیٹلائٹ کی کامیاب لانچ ایک مربوط ارتھ آبزرویشن سسٹم کی بنیاد ثابت ہوگی، جو مختلف شعبوں میں قومی ترجیحات کی تکمیل میں معاون ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ پائیدار سماجی و معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
اس تاریخی موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سپارکو کے انجینئرز اور سائنسدانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو سراہا۔ انہوں نے خلائی شعبے میں پاکستان کے ہر موسم کے دوست چین کی غیر متزلزل حمایت کو بھی سراہا۔