سینئر رہنما پاکستان تحریکِ انصاف جنید اکبر خان نے کہا ہے کہ ہمیں ڈر ہے کہ جنگ کو بہانا بنا کر کوئی میزائل یا ڈرون اڈیالہ نہ آجائے اور جنگی صورتحال کی آڑ میں عمران خان کو نقصان پہنچے۔
تفصیلات کے مطابق رہنما پی ٹی آئی جنید اکبر خان نے رات گئے جاری ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ہمیں بانی پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کے حوالے سے ملک میں جنگی صورتحال کے پیشِ نظر سیکورٹی خدشات ہیں کیونکہ جس طرح سے گزشتہ روز راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بھارت کی جانب سے اپریٹ کیئے گئے ڈرون راکٹس سامنے آئے ہیں اسی طرح سے کوئی میزائل حملہ بھی ہو سکتا ہے اور ملک میں جاری جنگی صورتحال کی آڑ میں عمران خان کو مارنے کے لیے اڈیالہ جیل پر میزائل کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ حکومت ایک طرف یکجہتی کی بات کرتی ہے اور ملکی یکجہتی کے لیئے ہم بھی حکومت کیساتھ کھڑے ہیں تاہم گزشتہ ایک روز سے جس طرح سے ملک کے مختلف شہروں میں بھارت کی جانب سے لانچ کیئے گئے ڈرون راکٹس سامنے آئے ہیں ہمیں خدشہ ہے کہ ایسا کوئی حملہ اڈیالہ جیل پر نہ ہو جس سے بانی پی ٹی آئی کو کوئی بھی نقصان ہو۔
جنید اکبر خان نے کہا کہ اس حوالے سے ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کیونکہ عمران خان ریاست کی تحویل میں ہیں اس لیئے انہیں کسی محفوظ جگہ منتقل کیا جائے ۔