واہگہ بارڈر پر جشنِ فتح، رینجرز کے جوانوں پر پھول نچھاور، بھارت پریڈ سے بھی بھاگ گیا

واہگہ بارڈر پر جشنِ فتح، رینجرز کے جوانوں پر پھول نچھاور، بھارت پریڈ سے بھی بھاگ گیا

واہگہ بارڈر پر نوجوان، بزرگ، خواتین اور بچے سبز ہلالی پرچم اٹھائے، وطن سے محبت کے جذبے سے سرشار نظر آئے اور رینجرز کے جوانوں پر بھر پور محبت و احترام سے پھول نچاور کیئے۔

پاکستان نے بھارت کو ایک تاریخی اورعبرت ناک شکست دے کر نہ صرف دشمن کےعزائم خاک میں ملا دیے بلکہ قوم کے حوصلے اور اتحاد کی نئی مثال قائم کر دی ہے، اس عظیم کامیابی کا جشن منانے کے لیے اتوار کو ہزاروں پاکستانی شہری واہگہ بارڈر پہنچے جہاں فضا “اللہ اکبر”، “پاک فوج زندہ باد” اور “پاکستان پائندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔

واہگہ بارڈر پرجمع ہونے والے شرکا میں نوجوانوں، بزرگوں، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی جو سبز ہلالی پرچم اٹھائے، وطن سے محبت کے جذبے سے سرشار نظر آئے، اگرچہ پاکستان اسٹیڈیم ابھی زیرتعمیر ہے اور عوام کی شرکت محدود ہوتی ہے تاہم اس روز واہگہ بارڈر پر انسانوں کا سمندر امڈ آیا، گویا پوری قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی تھی۔

پریڈ کے اختتام پر شہریوں نے پاکستان رینجرز پنجاب کے جانبازوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور بار بار “ہمیں تم پر ناز ہے” کے نعرے لگائے، بزرگ خواتین نے جوانوں کے ماتھے چوم کر ان کی قربانیوں اور استقامت کو خراج تحسین پیش کیا۔

پریڈ کمانڈر ناصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب سے انڈیا کے ساتھ کشیدگی شروع ہوئی، ہم ہر لمحہ یہاں تیار کھڑے تھے، ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ ہم مسلمان اللہ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتے، 2019 میں بھی اسی بارڈر پر ہم نے انڈیا کے کمانڈر ابھینندن کو حوالے کیا تھا، آج پھر دشمن کو ہماری طاقت کا اندازہ ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی لوگ رات کے وقت ہمارے لیے کھانا لے کر آتے تھے اور آج بھی یہ لوگ ہم پر پھول نہیں بلکہ اپنے دل نچھاور کر رہے ہیں، یہی محبت ہماری ہمت اور حوصلہ بڑھاتی ہے۔

رینجرز کے ایک اور جوان علی نے اپنے جذبات بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب کشیدگی شروع ہوئی اور پھر بھارت نے پہل کرتے ہوئے حملہ کیا تو میری ماں نے فون کرکے کہا تھا، بیٹا ڈرنا نہیں، وطن کی حفاظت میں اگر جان بھی قربان کرنا پڑے تو دریغ نہ کرنا، سینے پر گولی کھانا، اگر تمھاری پشت پر گولی لگی تو میں تمھیں اپنا دودھ نہیں بخشوں گی۔

انہوں نے کہا کہ میں اور میرے ساتھی رینجرز کے جوان شہادت کے جذبے سے سرشار ہو کر یہاں کھڑے ہیں، ہمارا عزم ہے کہ دشمن کی ہر سازش ناکام بنائیں گے۔

واہگہ بارڈر میں اس دوران بھارتی سائیڈ پر مکمل سناٹا چھایا رہا، دشمن کا اسٹیڈیم خالی رہا، بی ایس ایف انڈیا کے جوان پریڈ میں شریک نہیں ہوئے، صرف خاموشی سے ترنگا اتارا گیا، یہ منظر خود گواہ تھا کہ بھارتی فوج اور قیادت خوف زدہ ہے اور عوام کو بھی پریڈ میں شرکت سے روک دیا گیا۔

واہگہ بارڈر اس دن ایک بار پھر اس تاریخی حقیقت کا گواہ بنا کہ جب پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہو تو کوئی دشمن میلی آنکھ سے وطن کی طرف نہیں دیکھ سکتا۔

پاکستانی عوام اور رینجرز نے دنیا کو پیغام دیا کہ ہماری سرزمین، ہماری غیرت اور ہماری آزادی پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں، یہ جشن صرف فتح کا نہیں بلکہ قومی وحدت، حوصلے، قربانی اور جذبۂ شہادت کا جشن تھا، ایک عہد کہ ہم زندہ قوم ہیں اور ہمیشہ سرخرو رہیں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *